زرتاج گل اور امین اسلم کی لڑائی کی تحقیقات کا حکم

03:01 PM, 25 Nov, 2021

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی  نےاقوام متحدہ کی ماحولیات کانفرنس  کے دوران زرتاج گل اور امین اسلم کی لڑائی پر تحقیقات کا حکم  دیدیا۔

پی اے سی  کا اجلاس چیئرمین  رانا تنویر  کی زیر صدارت ہوا۔  ریاض فتیانہ  نے اجلاس میں انکشاف  کیا کہ گلاسکو میں وزیر ماحولیات زرتاج گل معاون خصوصی امین اسلم کے ساتھ لڑ کر وطن واپس آگئی تھیں۔

ریاض فتیانہ کا کہنا تھاکہ کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی غیر معیاری تھی۔ کانفرنس میں پاکستان پویلین خالی رہا۔  پویلین میں قائد اعظم اور وزیر اعظم  پاکستان کی تصویر تک نہیں تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پویلین میں نیپال اور دیگر ممالک کے وفود کا کسی افسر نے استقبال نہیں کیا ۔یہ پاکستان کی بدنامی تھی اس کی تحقیقات کو ہونی چاہیے۔

ملک امین اسلم نےجھگڑے کی خبروں کو بےبنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاضل ممبر کا الزام 200 فیصدجھوٹ اور غلط بیانی پرمبنی ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کے سربراہی اجلاس میں خطرناک ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لئے "گلاسگو کلائمٹ پیکٹ" کے تحت گرین ہاؤس گیسوں کے لئے سب سے بدترین فوسل ایندھن یعنی کوئلے کے استعمال کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔  شریک ممالک نے طے کیا ہے کہ کاربن میں مزید بڑی کمی کا وعدہ پورا کرنے کے لئے اگلے سال پھر ملاقات کریں گے تاکہ  دنیا کے درجہ حرارت کو 1.5 سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف  حاصل کیا جا سکے۔


گلاسگو کانفرنس کے اعلامیئے میں تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کاربن کے اخراج کو فوری طور پر مزید کم کریں۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز نے کہا کہ "ہمارا نازک سیارہ" ایک دھاگے سے لٹک رہا ہے۔ ہم اب بھی موسمیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔

 
کوئلہ ہر سال تقریباً 40 فیصد کاربن پیدا کرنے کی وجہ ہے اور اسی وجہ سے عالمی درجۂ حرارت1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدد رکھنے کے لئے اس کا استعمال کم کرنے پر سب سے زیادہ توجہ درکا ر ہے۔

کانفرنس میں  امریکا اور چین موسمیاتی تبدیلیوں کا مل کر  مقابلہ کرنے پر متفق ہوگئے ۔ چین نے میتھین  کے اخراج میں کمی کے معاہدے پر  پہلی بار آمادگی ظاہر کی اور   کوئلے کے استعمال میں 2026 تک مرحلہ وار کمی پر اتفاق کیا۔ 

ایمازون کے مالک جیف بیزوس کا ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ کے لیے 2  ارب  ڈالر کا اعلان  کیا۔

مزیدخبریں