اسلام آباد :پاکستان الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدنے کے لئے فنڈزجاری کرنے کے لئے خط لکھ دیا ۔ ای وی ایم سٹوریج کے لئے حکومت سے کوہسار بلاک میں دو فلور بھی مختص کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان نے حکومت سے ای وی ایم مشینوں کی خریداری کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023ء میں ہوں گے، اور ہمیں ان 23 ماہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم اقدامات کرنے ہیں۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو 8 لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی اسٹوریج کیلئے ویئر ہاؤس درکار ہوگا، جب کہ ڈیٹا سینٹر، کنٹرول سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ سیشنز کے لیے بھی ایک عمارت درکار ہے ۔لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود پلاننگ کمیشن نے عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے۔
خط کے ذریعے الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے فنڈز میں تاخیر سے پہلے ہی وقت کاضیاع ہوچکا ہے، پلاننگ کمیشن اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں عمارت کی تعمیر کے لئے فوری فنڈز جاری کرے، اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس عمارت کی تعمیر کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، ویئر ہاؤس بر وقت تعمیر نہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظرحکومت کسی سرکاری عمارت میں جگہ مختص کرے۔
یاد رہے کہ وزارت پارلیمانی امور کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن 8لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدے گا، جب کہ الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی سٹوریج کیلئے تین ایکڑ زمین درکار ہو گی ۔