ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر نجی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں قومی دن کے موقع پر یکم دسمبر سے 3 دسمبر تک تعطیلات ہونگی۔ 4 دسمبر سے ملازمین دوبارہ آفس آئیں گے۔
دوسری جانب یو اے ای کی ایئرلائنز نے شہریوں کیلئے چھٹیوں سے لطف اندوز ہونے کا بھی بہترین موقع فراہم کر دیا ہے جس کے تحت بیرون ملک جانے کیلئے خصوصی پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں جن میں مسافروں کو دو طرفہ ٹکٹ، ناشتہ، 3 رات تک ہوٹل میں قیام دیا جائے گا۔ایئرعربیہ نے اعلان کیا ہے کہ چھٹیوں میں 11 مقامات کیلئے کرایوں میں کمی سے متعلق پیکیج متعارف کرائے ہیں جن کی شروعات کرغزستان کے دارالحکومت بشکک سے کی جا رہی ہیں جہاں کا کرایہ ایک ہزار 249 درہم فی مسافر رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہر سال قومی دن کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے بھرپور تیاریاں کی جاتی ہیں اور شہریوں کیلئے اسپیشل پیکجز بھی متعارف کروائے جاتے ہیں۔اس سال بھی قومی دن کے موقع پر شہریوں کو مختلف سہولیات دی جا رہی ہیں تاکہ شہری چھٹیوں کے دوران مکمل طور پر لطف اندوز ہو سکیں۔