دہلی : سموگ اور فضائی آلودگی کے باعث بھارتی دارالحکومت دہلی میں پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ صرف ایل این جی اور بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں ہی داخل ہوسکیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی میں کمی پانے کے لئے حکومت کو اہم فیصلہ کرنا پڑا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 نومبر سے الیکٹرک اور سی این جی گاڑیوں کو ہی دہلی میں داخلے کی اجازت ہوگی ۔
گوپال رائے نے کہا کہ دارالحکومت میں سموگ اورفضائی آلودگی میں کچھ کمی ہوئی ہے تاہم ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہلی میں تین دسمبر تک پٹرول اورڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی ۔
دہلی کے وزیرماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ حکومت ملازمین کے لئے شٹل بس سروس چلارہی ہے تاکہ سرکاری ملازمین کو شہر میں داخلے کے لئے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
یاد رہے کہ دہلی میں آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے نئی گاڑیوں کی انٹری پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 13 نومبر کو دہلی حکومت نے شہر کے تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور تعمیرات اور انہدام کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی ساتھ اس کے ملازمین سے کہا گیا تھا کہ وہ گھر سے کام کریں تاکہ فضائی آلودگی سے نمٹنے اور اس کے صحت پر اثرات کو کم کیا جا سکے۔