قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی ۔ رہنما پی ٹی آئی

08:07 PM, 25 Nov, 2020

لاہور،رہنما تحریک انصا ف آفتاب جہانگیر نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کورونا کے خلاف سیریس نہیں تو ان کو روکا کس نے ہے ۔ کراچی میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے ان کو پورا اختیار ہے کہ یہ کورونا کے باوجود روٹین میں سب چیزیں چلنے دیں ۔نیونیوز کے پروگرام سیدھی بات میں میزبان بینش سلیم سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کا بزنس مین طبقہ یہ کہہ رہا ہے کہ حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں ۔ اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی اور جو خلاف ورزی کروائے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ اگر ملتان میں حکومت کی طرف سے کوئی ریلی یا جلسہ ہوا ہے تو اپوزیشن تھانے میں جاکر ایف آئی آر درج کروائے یہ اختیار تو سب کو حاصل ہے ۔ اگر کوئی عدالت ن لیگ کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو یہ اس پر خوش ہوتے ہیں لیکن اگر خلاف آتا ہے تو اس پر تنقید کرتے ہیں ۔ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو یقین دہانی کرادی گئی ہے کہ ان کو پیرول پر رہا کردیا جائے گا ۔ 

پروگرام میں پاکستان پیپلزپارٹی کی  رہنما شہلا رضا  نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہوں ۔ یہ کورونا سمارٹ کورونا نہیں یہ سلیکٹیڈ کورونا ہے ۔ حکومت گھسی پٹی باتیں کررہی ہیں وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں وہ آج بھی قوم کو کہتے ہیں کہ ہم بہت اچھی پوزیشن پٌر ہیں ۔ اگر حکومت سے عوام خوش ہے تو پھر جلسوں میں لوگ نہیں آئیں ۔ گلگت بلتستان کی مہم ہو یا کوئی جلسہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی ماسک نہیں اتارا ۔ بلاول بھٹو نے کبھی بھی لوگوں کو یہ نہیں کہا کہ وہ جلسوں میں ضرور آئیں ۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو نہیں اکسا رہے ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ جلسہ ہے عوام ایس او پیز کو فالو کرکے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہے ۔ حکومت کورونا کے بارے میں اتنی سنجیدہ ہے تو انہوں نے تو ایک میسیج بھی نہیں بنایا جس میں عوام کو کورونا سے آگاہ کیا جاتا ۔ 

مسلم لیگ ن کے ترجمان عطا تارڑنے کہا کہ ن لیگ کی ساری قیادت کو جیل میں ڈال دیا گیا  نیب کے مقدمات بنائے گئے ۔انہوں نے ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو ن لیگ کی قیادت کے خلاف متحرک کردیا ہے ۔ فیصل واڈا کے لئے حکومت کا دہرا معیار ہے ۔ہمارا حکومت کی طرف سے ڈر ختم ہوگیا ہے ۔ حمزہ شہباز کو سترہ ماہ ہوگئے شہبازشریف کو تین ماہ سے اندر رکھا گیا ہے لیکن کوئی کیس ثابت نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین دن دیہاڑے اس ملک میں آیا ہے کسی کی جرات نہیں ہوئی کہ اس کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی ۔ ہماری پوری قیادت بند کردی اب بتائیں کتنی خوشحالی آئی  ان کو احمقوں کی جنت سے باہر نکلنا چاہئے انہوں نے ملک کی تباہی کردی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ جیل میں گئے تو ہم نے کسی کو نہیں چھوڑنا یہ ہم طے کرچکے ہیں عمران خان نے دودن جیل میں نہیں گذارنے  ۔انہوں نے فارن فنڈنگ کیس میں سٹے لیا ہوا ہے ۔ اسرائیل سے فنڈنگ آئی اور آج اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ۔ 

مزیدخبریں