ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیراعظم

04:42 PM, 25 Nov, 2020

لاہور: وزیراعظم نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور انداز میں اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر لاہور پہچنے ہیں جہاں ان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ 

وزیراعلی پنجاب نے صوبے کے انتظامی ، سیاسی امور اور عوامی ریلیف کے اقدامات جبکہ صوبہ بھر میں سہولت بازاروں میں سستے داموں اشیا کی فراہمی کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے۔ 

سردار عثمان بزدار نے روزگار اسکیم، انصاف میڈیسن کارڈ، باہمت بزرگ پروگرام اور مہنگائی کو کنڑول کرنے جبکہ چینی اور آٹے کی قیمت میں استحکام کے بارے میں حکومتی اقدامات سے بھی وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھر پور انداز میں اقدامات کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے منصوبوں میں تیزی لانا ہے اور پنجاب کے مخلتف اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ادارہ برائے شماریات نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 5 روپے سے زائد بڑھی اور انڈے کی فی درجن قیمت میں 5 روپے 87 پیسے اضافہ ہوا۔ ملک میں انڈے کی اوسط فی درجن قیمت 175 روپے تک جا پہنچی ہے۔ 

ایک ہفتے کے دوران اٹھارہ اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور پیاز کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 87 پیسے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں تین روپے فی کلو کمی ہوئی۔

مزیدخبریں