پیرس: فرانس کے لیجنڈ رگبی پلیئر کرسٹوفی ڈومنیچی کا انتقال ہو گیا ہے، ان کی لاش ایک پارک سے ملی۔ پولیس نے خود کشی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک عینی شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کرسٹوفی ڈومنیچی کو سینٹ کلائوڈ پارک میں بنی عمارت کی چھت پر چھڑتے دیکھا تھا، اس کے بعد پولیس کو ان کی لاش پارک سے ملنے کی اطلاع ملی۔
کرسٹوفی ڈومنیچی کے اچانک مرنے کی اطلاع ملتے ہی ان کے اہلخانہ، عزیزو اقارب، قریبی دوستوں اور ٹیم کے ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ رگبی کے لیجنڈ پلیئر کے اچانک انتقال نے انھیں حیران کر دیا ہے۔
فرانس سے تعلق رکھنے والے کرسٹوفی ڈومنیچی کا شمار رگبی کھیل کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1999ء ورلڈ کپ میں فرانس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فرانس کے وزیر کھیل نے اپنے عظیم کھلاڑی کے انتقال پر انتہائی غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں آنجہانی کرسٹوفی ڈومنیچی کے اہلخانہ اور دوستوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
کرسٹوفی ڈومنیچی کے کھیل پر بات کی جائے تو انہوں نے رگبی میچوں میں 67 مرتبہ اپنی قومی ٹیم فرانس کی نمائندگی کی اور بیشتر موقعوں پر فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2008ء میں کھیل کو خیرباد کہنے کے بعد انہوں نے کمنٹری کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور فرانس کے ریڈیو اور ٹیلی وژن پر کھیل کے بارے میں تجزیہ نگاری کی۔
رگبی کی دنیا میں کرسٹوفی ڈومنیچی کو '' ڈومی'' کے نام سے شہرت ملی۔ صرف پانچ فٹ چھ انچ کے اس کھلاڑی نے خود سے کہیں زیادہ لمبے اور تگڑے کھلاڑیوں کو ایسے دائو پیچ دیئے کہ ان کیلئے اسے پکڑنا مشکل ہو جاتا تھا۔ آنجہانی کرسٹوفی ڈومنیچی کے اچانک انتقال سے رگبی کھیل کی دنیا غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔