بھارت پاکستان میں دہشتگردی کرانے میں ملوث، ڈوزیئر کی کاپی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو پیش

New rain system enters Punjab province, possibility of showers
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے ثبوت سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پیش کر دیے ہیں۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتریس کو بتایا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ سبوتاژ کرنے کے درپے ہے، اقوام متحدہ اس اہم معاملے کا نوٹس لے۔ ڈوزیئر دیگر ممالک کو بھی بھیجے جائیں گے۔ سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے ڈوزیئر کی کاپی سیکرٹری جنرل کو پیش کرتے ہوئے انھیں پاکستان میں دہشتگردی کرانے کے معاملے پر انتونیو گوتیرس کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ امریکا، برطانیہ اور دیگر اہم ممالک میں تھنک ٹیکنس کو بھی یہ ڈوزیئر بھیجا جا رہا ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کو ثبوت فراہم کر دیئے ہیں کہ بھارت ہمارے ملک میں دہشت گردی کرانے میں ملوث ہے۔ سیکریٹری جنرل سے بھارتی دہشت گردی ختم کرانے کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان دفاع کا حق رکھتا ہے۔ بھارت سی پیک سبوتاژ کرنے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔ بھارتی دہشت گردی یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ 14 نومبر کو پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک ڈوزیئر پیش کیا تھا جس میں ثبوت پیش کئے گئے تھے کہ پاکستان کا ازلی دشمن ناصرف ملک میں دہشتگردی کرانے کی کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ ان کی پشت پناہی کیساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت بھی کرتا ہے۔ یہ اہم ثبوت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پیش کئے تھے۔