بنگلا دیشی بائولر عبادت حسین نے ویرات کوہلی کی وکٹ لے کر فوجی انداز میں سلام پیش کیا

12:17 PM, 25 Nov, 2019

بنگلہ دیش کی قومی ٹیم میں شامل ائیر فورس ملازم عبادت حسین نے ویرات کوہلی کی وکٹ لے کر فوجی انداز میں سلام پیش کیا۔ایڈن گارڈن میں جاری بھارت اور بنگلادیش کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بنگلہ دیشی فضائیہ کے ملازم کھلاڑی عبادت حسین نے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کی اور اپنی خوشی کا اظہار فوجی سیلیوٹ سے کیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبادت حسین نے بتایا کہ وہ بنگلہ دیش ائیر فورس میں ملازم ہے اور ان کو اسپورٹس کوٹے پر ائیر فورس میں رکھا گیا تھا لیکن وہ کھیل کرکٹ نہیں بلکہ ’والی بال‘ تھا۔عبادت حسین نے بتایا کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم میں کھیلنا ان کی خواہش تھی، انہوں نے وکٹ لینے کے بعد سلام پیش کرنے کے بارے میں بتایا کہ یہ ان کا اسٹائل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا یہ اسٹائل ہمیشہ سے نہیں تھا بلکہ بنگلادیش کے آل رائونڈر محمود اللّہ ریاض نے ان سے کہا تھا کہ تم ائیر فورس کے ملازم ہو تو تمہیں چاہیے کہ تم وکٹ لینے کا جشن سلام پیش کرکے منائو، اِس سے تمہارا یک الگ برانڈ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محمود اللّہ ریاض کے اِس مشورے کے بعد سے میں اپنی ہر وکٹ کے بعد ایسے سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ میرا سب سے الگ اور منفرد اسٹائل ہے۔

واضح رہے کہ عبادت حسین ابھی بھی بنگلادیش ائیر فورس کا حصہ ہیں اور ائیر فورس کے لیے والی بال بھی کھیلتے ہیں، عبادت حسین کے مطابق ان کو جب بھی بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب کیا جاتا ہے تو اِس کے لیے ان کو خصوصی طور پر بنگلہ دیش ائیر فورس سے اجازت لینا پڑتی ہے۔عبادت حسین سے قبل وکٹ لینے کے بعد اس طرح سے جذبات کا اظہار کچھ سال قبل سب سے پہلے ویسٹ انڈین فاسٹ بولر شیلڈن کوٹرل بھی کر چکے ہیں کیونکہ وہ بھی فوج سے تعلق رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں