اسلام آباد: تحریک انصاف کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بزدار حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمنان کا اظہار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں گورنس کی خامیوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ انتظامی ڈھانچے پر بھی مطمئن نہیں۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبوں میں گورننس کے لیے افسران کو تبدیل کرنا پڑے تو کریں اور تبدیلی سیاسی نہیں انتظامی امور کی بہتری کے لیے ہونی چاہیے۔
کور کمیٹی اجلاس میں نواز شریف کی بیرون ملک جانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج کے لیے باہر گئے اور ابھی تک مرض کی تشخیص نہیں ہوئی اور مسلم لیگ ن نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیرون ملک علاج سے متعلق حقائق قوم کے سامنے آنے چاہیے ہیں۔