قریشی کی دعوت،سشما سوراج کی کرتارپور بارڈ تقریب میں پاکستان آنے سے معذرت

قریشی کی دعوت،سشما سوراج کی کرتارپور بارڈ تقریب میں پاکستان آنے سے معذرت
کیپشن: Image by NDTV.com

نئی دہلی: کرتار پور بارڈر کھولنے کی تقریب میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ سے جاری بیان میں سشما سوراج نے سکھوں کے مذہبی مقام کرتار پور گوردوارا کے لیے پاکستان کی جانب سے راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔


سشما سوراج نے تقریب میں شرکت پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے طے شدہ سرگرمیوں اور تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کی مصروفیات کے باعث نہیں آسکتیں۔


سشما سوراج کے مطابق کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں دو بھارتی وزرا ہرسمرات کور بادل اور مسٹر ایچ ایس پوری شرکت کریں گے، ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان راہداری بنانے اور بارڈر کھولنے کا عمل جلد از جلد مکمل کرلے گی تاکہ سکھ برادری کو گوردوارا کرتار پور میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کا مل سکے۔


بھارتی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میری معذرت کو غلط رنگ نہ دیا جائے، ہم اس دعوت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور بھارتی کی نمائندگی کے لیے دو وزرا کو بھیج رہے ہیں،
خیال رہے کہ 28 نومبر کو کرتار پور راہداری کھولنے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔


دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب امریندر سنگھ اور بھارتی وزیر سیاحت نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور بارڈر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وزیر خارجہ کی طرف سے اس تقریب کے دعوت نامے بھی ارسال کردیے گئے ہیں۔