اسلام آباد:آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کے قوم کے لئے سرانجام دئےگئے کارنامے سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔وہ محب وطن،ایماندار اور نڈر فوجی ہیں۔آرمی چیف نے نہ صرف افواج پاکستان کا مورال بلند کیا بلکہ قوم کو محفوظ بھی کیا۔قوم ان کے شاندار کیریئر پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک عظیم فوجی پس منظررکھتے ہیں جنہوں نے ایک محب وطن،ایماندار اور نڈر فوجی افسر کا کردارادا کیا۔انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران وطن عزیز کے لئے بے مثال کارنامے سرانجام دئےے جس پر تاریخ میں ان کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا سکہ منواتے ہوئے افواج پاکستان کو مزید مضبوط کرتے ہوئے مادروطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا۔ راحیل شریف میجر شبیر شریف کے چھوٹے بھائی ہونے کی وجہ سے بھی مجھے عزیز ہیں۔ ان کی ذاتی قابلیت اور بے پناہ خوبیوں کی وجہ سے میرے دل میں ان کا مقام مزید بلند ہوا۔یہی وجہ تھی کہ میں نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیاتھا۔
ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے سابق آرمی چیف اور صدر پاکستان جنرل(ر)پرویز مشرف کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے افواج پاکستان کو نئی بلندیوں سے روشناس کروایا۔حکمرانوں کے کرنے والے کام جنرل راحیل شریف نے کئے جن کی مثال جنرل(ر)پرویز مشرف کے شروع کئے گئے گوادرپورٹ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا،پاک چین راہداری منصوبے کو عملی جامہ پہنانااور افواج پاکستان کو جدید ترین سازوسامان سے آراستہ کرنا ہے۔جنرل راحیل شریف نے نامساعد حالات میں ضرب عضب جیسے آپریشنز کے ذریعے ملک کو دہشت گردوں سے محفوظ کیا۔مختلف ممالک کو اعتماد میں لیتے ہوئے ملک میں قیام امن اور ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کئے۔انہوں نے اپیکس(APEX)کے ذریعے عسکری قیادت کو سول حکومت کے ساتھ ملا کر کام کیا۔کراچی میں امن قائم کیااور بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو قومی دھارے میں لائے۔شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دوسرے علاقوں میں امن قائم کر کے ان علاقوں کے عوام کو ترقی کے راستوں پر گامزن کیا۔
ڈاکٹر محمد امجد نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف نے پوری دنیا بالخصوص امریکہ،برطانیہ،یورپ اور مسلمان ممالک کے ساتھ پاکستان کا تعلق مضبوط کیا اور اپنی کارکردگی پر دادپائی۔جنرل راحیل شریف نے سب کے اصرار کے باوجود اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لی اور ادارے میں تسلسل کے عمل کو تقویت دی۔ان کے کارنامے قوم کے لئے باعث فخر ہیں ۔