اسلام آباد: فیڈرل شریعت کورٹ میں دوسری شادی کیلئے پہلی بیوی سے اجازت کا قانون کو چیلنج کر دیا گیا۔
شہزادہ عدنان نے مدثر ایڈووکیٹ کی وساطت سے فیڈرل شریعت کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت کاقانون خلاف اسلام ہے ۔وفاقی شرعی عدالت لاہور رجسٹری میں دائر درخواست میں وزارت قانون اور اسلامی کونسل سمیت دیگر کوفریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے اجازت کا قانون خلاف اسلام ہے، آئین کے مطابق اسلامی اصولوں کے خلاف کوئی قانون نہیں بن سکتا۔ آئین کے مطابق کوئی خلاف اسلام قانون بنے تو فیڈرل شریعت کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، ریسرچ کے مطابق 35 سال سے بڑی عمر کی ایک کڑور خواتین شادی کی منتظر ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت دوسری شادی کےلیے بیوی سے اجازت کے قانون کو خلاف اسلام قرار دے کر کالعدم قرار دے۔