ملتان: ایم کیو ایم حقیقی کے بعد پاکستان تحریک انصاف حقیقی بھی بن گئی ہے۔ راؤ یاسر نامی شخص نے ملتان میں پی ٹی آئی حقیقی بنانے کا اعلان کیا ہے۔
راؤ یاسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصا ف حقیقی کے نام سے ایک نئی جماعت بنانے جا رہا ہوں، جس کا چیئرمین میں خود ہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہا پاکستان تحریک انصاف حقیقی وہ سب کام کرے گی جو عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے، 9 مئی کو جو کچھ بھی ہوا میں دل سے اس کی شدید مذمت کرتا ہوں، اس طرح کے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہیئے ہیں۔ عمران خان سے عثمان بزدار اور بشریٰ بی بی نے غلط فیصلے کرائے ہیں، عمران خان کی ضد اور انا نے اس ملک کو نازک صورتحال میں پہنچا دیا ہے کہ نیا پاکستان تو نہ بن سکا پرانا پاکستان بھی اجڑ گیا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پرانے لوگ لئے تھے اس لئے وہ پارٹی چھوڑ کے چلے گئے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو نوجوانوں کو نئے پاکستان کے خواب دکھا کر ملک میں وہ کچھ کر دیا جو ہمارا دشمن بھی نہ کر سکا۔
راؤ یاسر نے کہا کہ میں یوم تکریم شہداء کے موقع پر نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، میں نوجوانوں کو اکٹھا کر کے تحریک انصاف حقیقی بناؤں گا، اور جلد ہی پارٹی کا نشان الاٹ کرا کے انتخابی مہم کا اعلان بھی کر دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بے گناہ افراد کے لئے مہم چلاؤں گا اور انہیں بازیاب کراؤں گا۔ راؤ یاسر نے پی ٹی آئی کے اسیر کارکنان کو اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں ان لوگوں کے ساتھ مل کر اپنی پارٹی چلاؤں گا جو ملک سے مخلص ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی اپنی پارٹی کو منظم کروں گا، اکتوبر یا نومبر الیکشن جب بھی ہوں میرے نوجوان سیاست کریں گے،ہمارے پارٹی سے نوجوان قیادت پارلیمنٹ میں جائے گی اور حقیقی معنیٰ میں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے گی۔ راؤ یاسر نے پریس کانفرنس کے اختتام پر پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔