لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو پولیس نے رہا کر دیا، پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کو کورٹ آرڈر کے حکم پر رہا کیا گیا .
تفصیلات کے مطابق رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ پاکستان کو غلامی سے نجات اور خومختار ملک بنانے کیلئے تمام رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا ۔پی ٹی آئی رہنما کے صاحبزادے علی چوہدری نے کہا کہ چئیرمین سینٹ کے احکامات کے بغیر اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے برخلاف بغیر ورانٹ گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اعجاز چوہدری اپنے گھر پر موجود نہیں تھے بلکہ کسی عزیز کے گھر پر مقیم تھے ۔ پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جبکہ گھر میں موجود بزرگ خواتین سے بد تمیزی کی گئی ۔