لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اعجاز چوہدری کو گرفتاری کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔پی ٹی آئی رہنما کو گھر کے دروازے توڑ کر گرفتار کیاگیا ۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا ۔پی ٹی آئی رہنما کے صاحبزادے علی چوہدری نے کہا کہ چئیرمین سینٹ کے احکامات کے بغیر اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے برخلاف بغیر ورانٹ گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اعجاز چوہدری اپنے گھر پر موجود نہیں تھے بلکہ کسی عزیز کے گھر پر مقیم تھے ۔ پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا ہے جبکہ گھر میں موجود بزرگ خواتین سے بد تمیزی کی گئی ۔
قبل ازیں لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن سے پولیس نے رات گئےتحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا ۔
واضح رہے کہ لانگ مارچ سے قبل پاکستان کے بڑے شہروں میں پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے جس میں تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔لاہور میں پی ٹی آئی کی تمام سینئر لیڈر شپ کے گھروں پر پولیس چھاپے مارے گئے۔
خیال رہے کہ پولیس اب تک پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 250 سے زائد گرفتاریاں کی جا چکی ہیں جبکہ مزید کریک ڈاؤن جاری ہے۔