لندن: ریکوڈک عملدرآمد کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیں۔
برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے ٹیتھیان کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیئے گئے ہیں۔
اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس ہو گئے ہیں اور یہ فیصلہ ہماری بہت بڑی فتح ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ریکوڈک کیس میں ٹیتھان کاپر کمپنی کے حق میں فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی پاکستان کو واپس مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی سی سی (ٹیتھیان کاپر کمپنی ) کو فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت دی گئی جو کہ عام بات ہے تاہم فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا ہے۔
فیصلے پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ میں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی مقدمہ بازی میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے اور ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس ہوگئے ہیں جب کہ ٹی سی سی قانونی چارہ جوئی کے اخراجات بھی ادا کرے گی۔