اسلام آباد ،وزیراعظم عمران خان نے وزیرداخلہ شیخ رشیدکو سندھ کا دورہ کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ مجھے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آپ سندھ جائیں اور رینجرز کے ساتھ میٹنگ کریں، سندھ میں لاقانونیت جنم لے رہی ہے، پولیس ڈیلیور نہیں کرپارہی۔
شیخ رشید کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہےکہ فوری رپورٹ کریں، میں کسی بھی لمحے سندھ جاسکتا ہوں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نےوزیرداخلہ شیخ رشیدکوسندھ کادورہ کرنےکی ہدایت کی ہے اور وزیراعظم نےگورنرسندھ اوروفاقی وزیراسدعمر سے بھی سندھ کی صورتحال پر تفصیلی بات کی ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق گورنرسندھ اور اسدعمر نے وزیراعظم کو سندھ کی انتظامی بد انتظامی پر شدید تشویش سے آگاہ کیا، خصوصاً امن و امان اوربڑھتےجرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو قانون نافذ کرنیوالےاداروں سے مل کر حکمت عملی بنانےکی ہدایت کی ہے،وزیر داخلہ دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔