عمر اکمل نے جرمانہ دیدیا، پی سی بی بحالی پروگرام میں شرکت کے اہل ہو گئے

عمر اکمل نے جرمانہ دیدیا، پی سی بی بحالی پروگرام میں شرکت کے اہل ہو گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے جرمانے کی رقم ادا کر دی ہے اور اس کیساتھ ہی وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بحالی پروگرام میں شرکت کے اہل بھی ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل پر 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا جو عمر اکمل نے ادا کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید پیش رفت کیلئے عمر اکمل کو ابھی انتظار کرنا ہو گا کیونکہ بورڈ اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کی تیاری میں مصروف ہے۔ 
اس سے قبل عمر اکمل نے پی سی بی سے جرمانے کی رقم کی اقساط کرنے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ عمر اکمل نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں اور یکمشت ادائیگی کرنے سے قاصر ہیں لہٰذا جرمانے کی رقم قسطوں میں لے لی جائے۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے عمر اکمل کے بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات دیکھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ مالی مشکلات سے متعلق عمر اکمل کا دعویٰ ثابت نہیں ہوتا لہٰذا انہیں جرمانے کی رقم یکمشت ہی ادا کرنا ہو گی۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے دو مختلف الزامات ثابت ہونے پر تین سال کی پابندی عائد کی تھی جس پر انہوں نے 29 جولائی کو اپیل دائر کی اور ان کی سزا 18 ماہ کر دی گئی۔ 
عمر اکمل نے اس کے بعد کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا اور یوں ان کی سزا مزید کم ہو کر 12 مہینے رہ گئی جبکہ 42 لاکھ 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا گیا جو انہوں نے اب ادا کیا ہے۔