کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سدھو نے گھر پر سیاہ جھنڈا لہرا دیا

08:29 PM, 25 May, 2021

نئی دہلی: کانگریسی رہنما اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو المعروف پاجی نے اپنے گھر پہ سیاہ جھنڈا لہرا دیا ہے اور انہوں نے سیاہ جھنڈا بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر لہرایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کررہی ہے۔ اس ضمن میں کسانوں نے مزاحمت کے لیے اپنے نئے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔

اس صورتحال میں کانگریس کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنما نوجوت سنگھ سندھو نے اپنی رہائش گاہ پر سیاہ پرچم لہرا کر کسانوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر کی چھت پر سیاہ پرچم لہرا رہے ہیں۔

سدھو پاجی نے اسی ویڈیو میں اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ بیس پچیس سالوں سے کم ہورہی آمدنی اور بڑھتے ہوئے قرض کے سبب کسان پریشان ہیں۔ انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ  یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے کسانوں کو تحریک چلانے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب آج ایک ساتھ تین زرعی قوانین کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ تینوں قوانین کسان، مزدور اور تاجروں کے حق میں نہیں ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ ان قوانین کو واپس نہ لیا گیا تو پنجاب پھر کھڑا نہیں ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ میرے گھر پر سیاہ پرچم لگ گیا ہے جو نئے قوانین کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ جب تک قوانین واپس نہیں ہوں گے اس پرچم کو نہیں اتارا جائے گا۔

بھارت میں انتہا پسند جنونی ہندوؤں کی نمائندہ جماعت بی جے پی کی جانب سے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے اعلان کردہ زرعی قوانین کے خلاف کسان دہلی کے سنگھو، ٹیکری اور غازی پور بارڈر پر نومبر سے سراپا احتجاج ہیں۔

مزیدخبریں