چودھری نثار کل پنجاب اسمبلی میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے

08:14 PM, 25 May, 2021

لاہور: پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار سے رابطہ کر کے اپنی صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹیریٹ کا چوہدری نثار سے رابطہ ہوا ہے اور انہیں کل پنجاب اسمبلی میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے بلایا ہے۔ چوہدری نثار کل پنجاب اسمبلی میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے چوہدری نثار کو حلف کے حوالے سے کلئیرنس جاری کر دی۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کا کہنا ہے کہ عدالتوں سے چیک کر لیا ہے، چوہدری نثار کے خلاف کوئی حکم امتناعی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے خلاف پیٹیشنز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔چوہدری نثار کے حلف میں کوئی قانون رکاوٹ نہیں ہے اور چوہدری نثار کل حلف اٹھا سکتے ہیں انھیں آگاہ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نثار علی خان آج پنجاب اسمبلی حلف اٹھانے کے لیے پہنچے تھے تاہم سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث اُن سے حلف نہیں لیا جا سکا تھا۔

اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ’ایک ہفتے پہلے یہاں اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو حلف کے بارے میں بتا دیا تھا۔ مگر آج کہا گیا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے بغیر حلف نہیں لیا جا سکتا ہے۔ یہ بالکل غلط ہے۔ چیئرمین کے پاس مکمل اختیارات ہوتے ہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ تین برس بعد وہ حلف کیوں اٹھانا چاہ رہے ہیں تو اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ایک خود ساختہ آرڈیننس لانے کی تیاری کر رہی ہے، یہ سب پاکستان کے آئین میں درج ہے۔ یہ ایک آرڈیننس لانے کی کوشش میں ہیں کہ جو ارکان مخصوص مدت کے دوران حلف نہ اٹھا پائیں انھیں نااہل قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں