جنوبی پنجاب کے ضلع راجن میں میں ڈاکوؤں نے 4 پولیس اپلکاروں کو اغوا کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل روجھان کے علاقہ سونمیانی سے سکھانی گینگ کے ڈاکووَں نے ہیڈ کانسٹیبل سمیت 4 افراد کو پولیس کی چوکی سے اغوا کیا۔
ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کی بھاری نفری کچہ پہنچ گئی ہے۔خیال رہے کہ جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کا ‘کچے کا علاقہ’ تقریبا چالیس کلومیٹر لمبی اور پندرہ کلومیٹر چوڑی پٹی پر مشتمل ہے جو شروع سے ہی ڈاکوؤں کی جنت رہی ہے۔کچے کے علاقے میں اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں تاہم بعد ازاں ان کی رہائی مذاکرات کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے۔
اس علاقے میں پولیس نے غلام رسول عرف چھوٹو گینگ کے خلاف درجنوں آپریشن کیے۔ تین سال قبل پولیس نے بکتر بند گاڑیوں سے سکھانی گینگ کا گھیراؤ کیا اور ان کے سارے ٹھکانے تباہ کر دیئے تھے۔ضلع راجن پور تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر موجود ہے جہاں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی عام ہیں۔دریائے سندھ یہاں بہت چوڑائی میں ہے اور اس میں کئی چھوٹے چھوٹے جزیرے ہیں جہاں جرائم پیشہ افراد اکثر اپنا ٹھکانہ بنائے رکھتے ہیں۔
ڈاکوؤں کے گروہ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو مزاری کا تعلق بھی اسی علاقے سے تھا اور یہ کئی برس سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کو بھی اغوا کیا گیا۔تین سال قبل2017 میں بھی ڈاکوؤں نے اس علاقے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 7 اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا۔ پولیس نے اپنے ساتھیوں کو بازیاب کرانے کیلئے علاقے میں آپریشن کیا تھا۔