کابل: جنگ زدہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بتدریج بڑھتے سٹریٹ کرائمز شہریوں کے لیے وبال جان بنتے جا رہے ہیں۔
جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں موبائل فون چھیننے کا یہ واقعہ انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے گرین زون کے علاقے میں پیش آیا۔ اس علاقے میں غیر ملکی سفارتکار رہائش پزیر ہیں اور یہاں افغان مسلح محافظوں کی پوسٹنگ بھی ہے۔
لیکن اس کے باوجود واردارت کے وقت متاثرہ نوجوان کی مدد کرنے کوئی نہیں آیا جو اس واردات کے دوران زخمی بھی ہو گیا۔ اس واقعے میں اس نوجوان کی مدد کے لیے متعلقہ حکام ایک گھنٹے بعد آئے اور اسے ہسپتال لے گئے۔
اس طرح کی بڑھتی وارداتوں سے شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔ جرائم پیشہ افراد اکثر لوگوں کے موبائل فون اور قیمتی اشیاءاسلحے کی نوک پر چھین لیتے ہیں۔ اس طرح کے بڑھتے واقعات قانون کی بالا دستی پر سوالیہ نشان ہیں۔