شیخوپورہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو لوگ 1500 دن میں عوام کی خدمت نہ کرسکے وہ 100 دن کے دعوے کر رہے ہیں۔
مانانوالہ میں گیس فراہمی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہاں 5 سال میں جو کام کرائے گئے وہ پونے 3 ارب کے ہیں، سوئی گیس کے شیخوپورہ میں 10 ارب روپے سے زیادہ کے کام کئے گئے۔ 2013 میں پنجاب سمیت ملک بھر میں گیس کی قلت کا سامنا تھا، نواز شریف کی قیادت میں جو کام کئے گئے ہیں پاکستان کی تاریخ میں اتنے کام نہیں ہوئے، ملک میں سڑکوں کا جال نواز شریف کے دور حکومت میں بچھایا گیا۔ ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈے ن لیگ کے دور حکومت میں بنے ہیں، پاکستان کو ایٹمی قوت بھی مسلم لیگ (ن) نے ہی بنایا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے عوامی مفاد کیلئے بہترین منصوبے بنائے۔ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ عوام کو علم ہے مسلم لیگ (ن) پاکستان کو معاشی قوت بناسکتی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کا نام اگلی ملاقات میں فائنل کرلیا جائے گا: میاں محمود الرشید
انہوں نے مزید کہا کہ آج جو کہتا ہے میں جماعت بدل لوں گا عوام نے انہیں انتخابات میں جواب دینا ہے، جو لوگ ہوا کا رخ دیکھ کر بدل جائیں وہ عوام کی خدمت نہیں کرسکتے، عوام وفاداری بدلنے والوں سے بچیں، ہماری سیاست وفاداری اور خدمت اور عزت کی سیاست ہے، جو لوگ الزامات لگاتے ہیں وہ پاکستان کی سیاست کی نمائندگی نہیں کرتے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان نہیں چاہتا کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائيں، دفتر خارجہ
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ نے 5 سال عوام کی بھرپور خدمت کی ہے، شیخوپورہ اور ماناوالہ سے مسلم لیگ (ن) ہی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوگی، مسلم لیگ (ن) ووٹ کو عزت دو کے منشور پر قائم ہے۔ آج ملک بھر میں 12 مہینے گیس وافر مقدار میں دستیاب ہے، یقین ہے اگلا وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بھی مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔ ماناوالہ کو تحصیل کا درجہ دیا جائے گا، ماناوالہ میں لڑکیوں کیلئے گرلز ڈگری کالج بنایا جائے گا، ماناوالہ میں اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائے گا، خانقاہ ڈوگراں شیخوپورہ ڈبل روڈ بھی مسلم لیگ (ن) ہی بنائے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں