'ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے نام پر قوم کے اربوں روپے ڈبوئے'

05:50 PM, 25 May, 2017

ساہیوال: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کول پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کول پاور پلانٹ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ 22 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنا ریکارڈ ہے جبکہ دنیا میں کہیں بھی اتنی قلیل مدت میں اتنا بڑا منصوبہ نہیں بنا۔ شہباز شریف نے کہا اقتصادی راہداری کے تحت 36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہو رہے ہیں اور توانائی کا اتنا بڑا منصوبہ چینی قیادت کا وزیراعظم پر اظہار اعتماد ہے کیونکہ چین ہمارے اسکولوں، اسپتالوں کو اندھیرے میں نہیں دیکھ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا 2013 میں جب اقتدار سنبھالا تو ہر طرف اندھیرے تھے لیکن وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے دن رات محنت کر کے بدترین لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا ہے۔ آج ہر طرف ترقی کا جال بچھایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے معاشی اعشاریوں میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی معاشی ادارے بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ایک پارٹی جس نے اسلام آباد میں دھرنا دے رکھا تھا اس کی وجہ سے یہ منصوبہ 7 مہینے کی تاخیر کا شکار ہوا ورنہ یہ منصوبہ گزشتہ سال ستمبر میں مکمل ہو جاتا۔ دھرنے والوں کی ہٹ دھرمی سے چینی صدر کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا۔

شہباز شریف بتایا نیلم جہلم پراجیکٹ 18 سال سے رینگ رہا ہے اور دیامر بھاشا پراجیکٹ دیکھا تو ہمارے طوطے اڑ گئے کیونکہ اسکی تو زمین بھی نہیں خریدی تھی اور اب نواز حکومت نے 60 ارب روپے کی لاگت سے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے زمین خریدی ہے۔ نندی پور پاور پلانٹ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی ایک اور مثال ہے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے نام پر قوم کے اربوں روپے ڈبوئے۔

واضح رہے آج وزیر اعظم نے سی پیک کے تحت پاکستان میں مکمل ہونے والے پہلے منصوبے ساہیوال کول پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور اس  منصوبے سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں