اسلام آباد: پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادے کو طلب کر لیا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں ہوا۔ ذرائع کےمطابق جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کو پیش ہونے کےلیے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ ج
ے آئی ٹی نے نوٹس میں حسین نواز سے ان کےاثاثوں سے متعلق سوالات پوچھے ہیں۔ حسین نواز سے لندن فلیٹ، جدہ سٹیل ملز اور دبئی فیکٹری سے متعلق سوالات بھی پوچھے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اپنے دو ممبران پر اٹھائے گئے اعتراضات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
گزشتہ دنوں حسین نواز کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو دی گئی تحریری درخواست میں پاناما کیس کی مشترکہ تحقیاتی ٹیم کے دو ارکان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ حسین نواز کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں سٹیٹ بنک کے نمائندہ عامر عزیز اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے نمائندہ بلال رسول پر اعتراضات اٹھائے گئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان اراکین کے سابق صدر پرویز مشرف اور تحریک انصاف سے تعلقات ہیں۔ رجسٹرار آفس سے استدعا کی گئی ہے کہ حسین نواز کی اعتراضات پر مبنی درخواست کو خصوصی بینچ کے سامنے سماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور سٹیٹ بنک اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے نمائندوں کی جگہ نئے ممبران کو شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 20 اپریل کو سناتے ہوئے معاملے كی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جو 60 روز میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے جمع کرائے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں