'بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے'

03:42 PM, 25 May, 2017

اسلام آباد: ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ  بھارت کے کل بھوشن یادیو اور عالمی عدالت انصاف کے حوالے سے دعوے غلط ہیں۔ کل بھوشن یادیو کے اعترافی بیان سے بھارت کے پاکستان میں مداخلت، تخریب کاری اور دہشت گردوں کو مالی امداد کے ثبوت ملتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی کے الزامات لگا رہا ہے۔ امریکہ سمیت عالمی برادری کو کنٹرول لائن پر پاک بھارت تناؤ پرتشویش ہے۔ بھارتی فوج کا معصوم کشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا بزدلانہ اور قابل مذمت عمل ہے۔

ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں وزیر اعظم کی تقریر نہ کرنے کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کانفرنس میں تاخیر کے باعث بہت سارے ممالک کے سربراہان تقریر نہیں کر سکتے جس پر سعودی عرب نے ان ممالک سے باضابطہ معذرت کی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے میجر ایمنوئل اور میجر مرکو کنٹرول لائن کے خنجر سیکٹر کے دورے پر تھے کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کر کے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ دونوں محفوظ رہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا تعلق فلپائن اور کروشیا سے ہے۔ پروسیجر کے تحت مبصرین کی گاڑی پر نیلے رنگ کا جھنڈا بھی لہرا رہا تھا۔

اس سے پہلے پاک فوج نے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا تھا۔ پاک فوج کے بیان میں کہا گیا نوشہرہ کے قریب پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعوی جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی شہریوں پر وار کرنے کا بھارتی دعوی بھی من گھڑت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں