دبئی میں آڈیشن کے دوران بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا: نادیہ خان

12:24 PM, 25 May, 2017

دبئی: معروف ٹی وی اینکر نادیہ خان نے امریکی ٹیلنٹ ہنٹ ایجنسی کے دوران ہالی ووڈ اداکار کے خلاف مبینہ طور پر بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔ نادیہ خان نے موقف اختیار کیا کہ آڈیشن کے دوران ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے علیزہ خان کے بازو پر نشان پڑ گئے۔ فیس بک پر جاری ویڈیو میں نادیہ خان نے تمام تفصیلات بتائیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

نادیہ خان اپنی بیٹی علیزہ کو ہالی ووڈ کی ٹیلنٹ ہنٹ ایجنسی کی جانب سے دبئی میں منعقدہ ایک کاسٹنگ سیشن میں آڈیشن کے لیے لیکر گئی تھیں جہاں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

یہ کاسٹنگ سیشن گزشتہ ہفتے دبئی کے رٹز کارلٹن ہوٹل میں ہوا۔ نادیہ نے اپنی بیٹی کے ساتھ اس سلوک کے بعد فوری طور پر پولیس کو بلا لیا جس کے بعد یہ سیشن ختم کر دیا گیا۔ پولیس نے ٹیلنٹ ایجنسی کے 47 سالہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سے بھی پوچھ گچھ کی۔

نادیہ نے پولیس کو اپنی بیٹی کی میڈیکل رپورٹ بھی دی جس میں اس کے بازو پر آنے والے زخموں کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

نادیہ خان نے بتایا کہ آڈیشن میں ان کی بیٹی کو دو لائنوں پر مشتمل اسکرپٹ پڑھنے کو دیا گیا اور فورا ہی آڈیشن لینے والے اداکار نے ان کی بیٹی کو بازوؤں سے پکڑ کر بری طرح جھنجھوڑا اس دوران میں اور آڈیشن دینے والے دیگر 30، 40 بچوں کے والدین وہاں موجود تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں