اسلام آباد: قائداعظم یونیورسٹی 5 روز بعد کھول دی گئی

اسلام آباد: قائداعظم یونیورسٹی 5 روز بعد کھول دی گئی

اسلام آباد: شہر اقتدار میں قائد اعظم یونیورسٹی کھول دی گئی جس کے بعد اساتذہ اور طلبا کا یونیورسٹی میں آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد میں 5 روز بند رہنے کے بعد یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئیں۔ دوسری جانب یونیورسٹی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

20 مئی کو قائد اعظم یونیورسٹی میں 2 طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم ہوا جس سے 30 سے زائد طلبا زخمی ہو گئے جبکہ متعدد طلبا کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کو یونیورسٹی میں سندھی اور بلوچ طلبہ تنطیموں کے درمیان کسی معاملے پر ہونے والی بحث پر تشدد صورت اختیار کر گئی جس میں مبینہ طور پر اسلحہ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔

یاد رہے  گزشتہ چند مہینوں میں ملک کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ایسے متعدد پرتشدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی میں توہین مذہب کے الزام میں ایک طالب علم مشال خان کو یونیورسٹی کے طلبا کے ہجوم نے تشدد اور گولی مار کر جاں بحق کر دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں