کیلیفورنیا پولیس نے ایک عورت کو بنک لوٹنے پر گرفتار کرلیاہے۔بنک لوٹتے ہوئے اس عورت نے چہرے کو ڈرائنگ کی ہوئی داڑھی سے چھپانے کی کوشش کی تھی۔
ڈانویل پولیس کی جاری کی ہوئی پرلیس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ ویب ڈانویل کے ایک بنک میں پیش آیا۔ عورت صبح سوا نو بجے بنک میں داخل ہوئی۔ اس نے سیاہ پینٹ اور سیاہ شرٹ پہنی ہوئی تھی۔خود کو چھپانے کے لیے اس نے چہرے پر داڑھی بھی بنائی ہوئی تھی۔
اس نے کیشئر کو ایک پرچی دی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس ساری کاروائی کے دوران اس نے کوئی ہتھیار ظاہر نہیں کیا تھا۔ کیشئر سے پیسے لینے کے بعد وہ بنک سے نکلی اور پیدل ہی ایک جانب چلی گئی۔ تاہم پولیس نے کچھ دیر بعد ہی اسے گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عورت کی عمر 36 سال ہےاور اس کا نام جنیفیر را مکلاری ہے۔ عورت پر بنک ڈکیتی کے علاوہ منشیات رکھنے کا بھی الزام ہے