حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے بلاول بھٹو کی ثالثی منظور کر لی، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کی تیاریاں

حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے بلاول بھٹو کی ثالثی منظور کر لی، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کی تیاریاں

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ثالثی کو قبول کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت نے بلاول بھٹو کو مذاکرات کی ذمہ داری سونپ دی ہے تاکہ پی ٹی آئی کو بات چیت کے لیے آمادہ کیا جا سکے۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے اور قومی مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن دونوں سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہے، اور وہ جماعتیں جو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شامل نہیں ہوئیں، ان کو بھی مذاکرات میں شریک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو پی ٹی آئی سے اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیکا قانون کے حوالے سے غلط استعمال کے خدشات پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔