ریکوڈک منصوبہ: ای سی سی نے قومی مفاد میں اس کی اہمیت کو تسلیم کر لیا

ریکوڈک منصوبہ: ای سی سی نے قومی مفاد میں اس کی اہمیت کو تسلیم کر لیا

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک منصوبے کو ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے چین میں بواؤ فورم برائے ایشیا 2025ء کی شرکت کے دوران ہوا۔ اجلاس میں ریکوڈک منصوبے کی لاگت میں اضافے اور اس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے اس منصوبے کو قومی ترجیحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزارت خزانہ اور پیٹرولیم کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوڈک منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں اسکردو میں اسپورٹس بورڈ کے کوچنگ سینٹر کے لیے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، جس کا مقصد مقامی کھلاڑیوں کے لیے ایک جدید تربیتی مرکز قائم کرنا ہے۔