اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ریکوڈک منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کر لی ہے اور اس میں 627 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تصدیق کی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ریکوڈک کے لیے فنانسنگ انتظامات کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے 13.1 ملین ٹن تانبہ اور 17.9 ملین اونس سونا حاصل کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کا منصوبے میں 8.33 فیصد شیئر ہو گا۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں 2028 سے سالانہ 45 ملین ٹن پروسیسنگ شروع ہو گی۔ اس کی ترقی کے لیے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری منظور کی گئی ہے، جس کے بعد او جی ڈی سی ایل کے شیئرز میں 2.76 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ریکوڈک منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کے علاوہ پی پی ایل، جی ایچ پی ایل، بیرک گولڈ اور بلوچستان حکومت بھی شراکت دار ہیں۔ دوسرے مرحلے میں پروسیسنگ کی صلاحیت 90 ملین ٹن سالانہ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، جو پاکستان کی معدنیات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا۔