جو حکومتی افسران کام نہیں کریں گے، انہیں اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے گا:عظمی بخاری

جو حکومتی افسران کام نہیں کریں گے، انہیں اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے گا:عظمی بخاری

لاہور:  وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بار بار درخواستوں کے باوجود پی ٹی آئی اجلاس میں شریک نہیں ہوئی۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پی ٹی آئی کو کان سے پکڑ کر اجلاس میں لا سکتے ہیں تو ایسا کر کے دکھائیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ملک میں پانی کی کمی کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے اور اس کا حل مل کر نکالنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کا پانی کبھی پنجاب نہیں لے سکتا اور نہ ہی پنجاب کو اس کا پانی مل سکتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کر رہی ہیں اور رمضان پیکیج کے تحت 30 لاکھ خاندانوں تک امداد پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومتی افسران کام نہیں کریں گے، انہیں اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے عوام کو مفت ادویات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ انتہاپسندی، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرسچن کمیونٹی کے بچوں کی تعلیم پر بھی توجہ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز نے منیارٹی کارڈ متعارف کرایا ہے اور 130 سال میں پہلی بار حکمران مریم آباد گئے ہیں۔