لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں جزوی طور پر آسمان ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں بھی یہی صورتحال متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور دن کے دوران گرم رہنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے چترال، سوات، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، اور نوشہرہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جزوی طور پر آسمان ابر آلود رہے گا اور کوئٹہ، زیارت، ژوب، مستونگ اور پشین جیسے علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم، بعد از دوپہر بالائی اضلاع میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27 مارچ تک بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔