وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا

اسلام آباد  : وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 11 بجے طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں 12 نکات شامل ہیں۔

ایجنڈے کے مطابق پاکستان آرڈیننس فیکٹری اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ کے ارکان کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی تنازعات کے حل کے لیے کنونشن پر دستخط، وزارت خارجہ اور ہنگری کے درمیان معاہدے پر دستخط، اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے ساتھ ای-موبلٹی پر تعاون کے معاہدے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات سے متعلق وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن ایکٹ 2025 پر غور اور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ کا اضافی چارج سونپنے کے فیصلے بھی کیے جائیں گے۔

مزید برآں، اجلاس میں انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 کے ذریعے کل وقتی اساتذہ اور محققین کی آمدنی پر ٹیکس چھوٹ کی بحالی، 11 مارچ کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلے کی توثیق، اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اور 21 مارچ کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔