کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر کی طلاق کے متعلق نیا دعویٰ سامنے آگیا۔
فنکار جوڑی کے درمیان علیحدگی اور طلاق کے متعلق عرصہ دراز سے افواہیں اور قیاس آرائیاں جاری ہیں تاہم اب صحافی آمنہ ایسانی اور حسن چوہدری نے ایک شو کے دوران بات کرتے ہوئے سجل علی اور احد رضا میر کی باقاعدہ طور پر طلاق ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو برس قبل شادی کے بندھن میْں بندھنے والی جوڑی کے درمیان رواں ماہ طلاق ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ سجل علی نے گزشتہ دنوں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام کے ساتھ شوہر احد رضا میر کا نام ہٹا دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر افواہیں زیر گردش رہیں کہ دونوں کے درمیان طلاق ہو چکی ہے۔ اداکارہ کے انسٹا پروفائل کے اسکرین شاٹس بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوئے جن میں اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر صرف سجل علی کا اپنا نام رہ گیا جبکہ احد کانام موجود نہیں جس کے بعد سے دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں نے بھر زور پکڑا اور دونوں کے مداح بھی پریشان نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ سجل علی دو روز قبل ہونیوالی اسلام آباد میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں بھی اکیلی ہی خوش و خرم نظر آئیں۔
یہاں یہ بات بھی ذہن نشیں رہے کہ اداکارہ سجل علی نے کچھ عرصہ قبل احد رضا میر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا لیکن کچھ ہی عرصہ بعد سجل کی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی کے مختلف فنکشنز میں احد کی عدم شرکت نے مداحوں کی پھر پریشانی میں اضافہ کر دیا تھا۔جبکہ دونوں فنکار وں نے بھی اپنے رشتے کے حوالے سے مکمل چپ سادھ رکھی ہے تاہم سجل علی کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے احد رضا کا نام ہٹانے پر شوبز جوڑی کے مداح ایک بار پھر تذبذب کا شکار ہو گئے تھے۔