لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان کی قومی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ سب نے مل جل کر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ شرجیل ہماری مرضی کے بغیر ٹیم میں آئے، سب نے مل بیٹھ کر ان کے بارے میں پلان بنایا کہ بیٹنگ اور فٹنس پر کس طرح کام کرنا ہے، پاکستان کی ٹیم میں شرجیل خان کو شامل کرنے کا فیصلہ مشترکہ ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے سلیکشن کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا، ہر پلیئر کے فٹنس کے معیار پر نظر ہے اور شرجیل کی فٹنس بھی جلد بہتری کی جانب جائے گی۔شرجیل خان کے سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ ہونے کے سوال پر ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ یہ قانون بنا دیں کہ فکسنگ میں سزا یافتہ کبھی نہیں کھیلے گا تو نہیں کھلائیں گے۔