اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پوچھے گئے سوالات کا جواب دیں کیونکہ اب قانون ان کے گھر کی لونڈی نہیں بن سکتا اور قانونی گرفت سے بچنے کیلئے کارکنوں کو اکسانے والے بے نقاب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اب یہ اچھی طرح جان لیں کہ قانون ان کے گھر کی لونڈی نہیں بن سکتا اور ضمانتوں پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹوٹ جاتی ہے اور نوٹس لینے پر متحد ہو جاتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی ایم کاعروج اور زوال نیب پیشیوں سے جڑا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز پوچھے گئے سوالات کا جواب دیں اور عوام کو ڈھال بنا کر اداروں پر لشکر کشی قابل مذمت ہے جبکہ قانونی گرفت سے بچنے کیلئے کارکنوں کو اکسانے والے بے نقاب ہو گئے ہیں جبکہ عدالتوں پر حملے کرنیوالوں سے سوال ہو تو کارکنوں کو ڈھال بنا لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا مریم نواز اپنی ذات اور خاندانی مفادات کے خول میں قید ہیں لیکن ان کو اس خول سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب )کی جانب سے 26 مارچ کو پیشی ملتوی کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نیب عمران خان نیازی کے کہنے پر چلتا ہے اور ملک میں قانون ہے تو وزیراعظم آفس میں بھی لاک ڈاؤن ہونا چاہیئے کیونکہ کورونا کی وجہ سے اگر پیشی ملتوی کی گئی ہے تو وزیراعظم نے آج اجلاس کیوں بلوایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے جتنا انتقام لینا تھا لے لیا لیکن میں اس کے لئے آسان شکار نہیں بنوں گی کیونکہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہےلیکن نیب کو بتانا چاہتی ہوں کہ ان کے چہرے عوام نے پہچان لیے ہیں اور عمران خان مشکل میں ہوتا ہے تو یہ اس کی مدد کو پہنچتے ہیں تاہم جس کیس میں مجھے بلایا گیا اس کیس میں 48 دن میں نیب میں رہ چکی ہوں اور جو سلوک وہاں ہوا اس کو بھی قوم کے سامنے لاؤں گی۔
انہوں نے مزید کہا عوام کو اب اس کھیل کو سمجھ چکی ہے اور میں عوام کی شکر گزار ہونے کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کو سپورٹ کیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کس جماعت سے ہو گا کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر مریم نواز نے کہا سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپوزیشن لیڈر اعظم نذیر تارڑ ہوں گے کیونکہ اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں میں یہ طے ہوا تھا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ہوں گے اور اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ نواز سے ہو گا اور اعظم نذیر تارڑ کے نام پر سب نے اتفاق کیا تھا۔