روبوٹ کی بنائی ہوئی تصویر 10کروڑ میں نیلام

09:03 PM, 25 Mar, 2021

جدت پسندی کے دور میں روبوٹ کی پینٹ کی ہوئی تصویر کی قیمت 10 کروڑ روپے لگ گئی ۔ مشہور روبوٹ صوفیہ کی بنائی پینٹنگز کو نیلامی کے لئے پیش کیا گیا ۔ایک پینٹنگ کی قیمت نے سب کو حیران کردیا ۔ 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشہور خاتون روبوٹ صوفیہ کی پینٹنگز کو نیلامی کیلئے پیش کیا گیا ۔ ان میں سے ایک تصویر میں صوفیہ نے اپنے ہی چہرے کی پینٹنگ بھی بناڈالی ۔جس کی قیمت دس کروڑروپے لگائی گئی ۔

روبوٹ صوفیہ کی تصاویر کی تیاری میں انسانی مصور نے بھی مدد کی ۔ ہانگ کانگ کی ہینسن روبوٹکس ہیومونائڈ کمپنی نے اس ڈیجیٹل مصوری کو نان فنجیبل ٹوکن ( این ایف ٹی) کا نام دیا ہے۔

این ایف ٹی ڈیجیٹل نوادرات کا ایک نیا رحجان ہے جسے بلاک چین کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے اور ان کی نقل نہیں کی جاسکتی۔ اس طرح این ایف ٹی کی خریداری کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور لوگ اس میں سرمایہ کاری بھی کررہے ہیں۔

روبوٹ صوفیہ 2016 میں منظر عام پر آئی تھی جب اس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مجھے امید ہے لوگ انسانوں کی مدد سے تیار کردہ میرے کام کو سراہیں گے اور میں مزید طریقوں سے اس کام میں شریک رہوں گی۔

سعودی عرب پہلا ملک ہے جس نے کسی روبوٹ کو شہریت دی۔ صوفیہ نے اطالوی مصور اینڈریا بوناسیٹو کے تعاون سے کئی تصاویر بنائی ہیں جن میں ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک کا پورٹریٹ بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں