اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ انہیں بھارت میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات کرنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نجی روزنامہ کی خبر کے لنک کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہ مکمل طور پر بناوٹی اور بے بنیاد ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ ان دنوں میں کسی خبر کی اشاعت سے پہلے اس کی حقیقت جانچنے کا مطالبہ کرنا کافی زیادہ ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہونا چاہیے کہ خبر کی کوئی منطق ہی نہ ہو۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی و سٹریٹجک پالیسی پلاننگ معید یوسف کی بھارت میں نئے ہائی کمشنر کے طور پر تعیناتی زیر غور ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹوں کی تردید کی ہے۔
قومی سلامتی ڈویژن کی جانب سے اس ضمن میں جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ معید یوسف کو بھارت میں بطور ہائی کمشنر تعینات کرنے پر غور کئے جانے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ مہینے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف اور بھارتی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کے درمیان بیک ڈور رابطےہوئے ہیں تاہم اس وقت بھی ڈاکٹر معید یوسف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یہ بات پاک بھارت سیز فائر معاہدے کے تناظر میں کی گئی ہے اور بھارتی میڈیا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے اعلان کو بیک چینل ڈپلومیسی بتا رہا ہے لیکن بھارتی میڈیا کا میری اور بھارتی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر (این ایس اے) کی بیک چینل ڈپلومیسی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
واضح رہے کہ معید یوسف کو دسمبر 2019 میں وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ واشنگٹن ڈی سی میں امریکی انسٹیٹیوٹ آف پیس کے ایشیاء سینٹر کے ایسوسی ایٹ نائب صدر تھے۔