کویت سٹی: عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے کویت واپس نہ پہنچنے والے لاکھوں غیر ملکیوں کے اقامے منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے محکمہ پاسپورٹ نے کویت میں کام کرنے والے 20 ممالک کے لاکھوں افراد کے اقامے منسوخ کردیئے ہیں ۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے دولاکھ سے زائد تارکین وطن اپنے آبائی ملکوں کو لوٹ گئے تھے جو کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے واپس کویت نہیں پہنچ سکے اور یوں اپنے اقاموں کی تجدید نہ کروا سکے جنہیں اب منسوخ کر دیا گیا ہے۔
کویت کے محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عائد کردہ پابندیوں کے پیش نظر بیرون ملک سےکویت واپس نہ پہنچنے والے افراد کے اقامے منسوخ کر دئیے گئے ہیں جبکہ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو اپنے ویزے کی مدت پوری ہونے کی وجہ سے دوبارہ ویزہ حاصل کرنے کامیاب نہ ہو سکے۔
کویتی میڈیا کے مطابق متاثر ہونے والے تارکین وطن 20 مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں لیکن مصر، سری لنکا اور بھارت سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔