پی ٹی آئی رہنماء کا وزیراعلیٰ پنجاب کو قیمتی گھوڑے کا تحفہ

06:06 PM, 25 Mar, 2021

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء جمال ناصر چیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو شاہ تاج نامی گھوڑا تحفے میں دیدیا جس کی کاٹھی سونے کا پانی چڑھا کر تیار کی گئی ہے اور اس پر خوبصورت نقش و نگار بنائے گئے ہیں۔ 

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ایک روزہ دورے پر گوجرانوالہ پہنچے تھے جہاں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء جمال ناصر چیمہ نے مہمان نوازی کی روایت کے تحت قیمتی گھوڑا تحفے میں دیا جسے مروجہ قوانین کے تحت توشہ خانے میں جمع کروایا جائے گا تاہم اگر وزیراعلیٰ پنجاب اسے اپنے پاس رکھنا چاہیں تو انہیں اس کی ایک چوتھائی قیمت ادا کرنا ہو گی۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تحفے میں ملنے والا گھوڑا اس وقت پنجاب حکومت کے پروٹوکولز ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہے جسے توشہ خانے کی زینت بنایا جائے گا اور وزیراعلی پنجاب مارکیٹ ویلیو کے حساب سے ایک چوتھائی قیمت ادا کر کے نہ خرید پائے تو اسے فروخت کر کے رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائی جائے گی، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ تحفہ جاندار ہونے کے باعث زیادہ دیر نہیں رکھا جا سکتا اس لئے فورا فروخت کر دیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 8 ارب 41 کروڑ کے نئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 ارب 26 کروڑ روپے کی لاگت سے عالم چوک پر فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ سرفہرست ہے جبکہ گوجرانوالہ میں برن یونٹ سمیت 14 مزید پراجیکٹ بھی شروع کئے جائیں گے جن کی   لاگت کا تخمینہ ایک ارب 92 کروڑ روپے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے منصوبے کا اعلان بھی کیا جس میں پنجاب یونیورسٹی کا سب کیمپس اور

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے دونوں کیمپس بھی شامل ہوں گے۔ 

مزیدخبریں