لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ عوامی راج کیلئے آگے بڑھو گے تو پھر نیب میں پیشیاں تو ہوں گی، 73 سال سے پاکستان ریڈ زون بنا ہوا ہے لیکن اب اسے توڑنا ہے، آصف علی زرداری حکمرانوں کے دامادوں کے چیئرمین اور میں جنرل سیکرٹری ہوں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو کا بہت احترام کرتا ہوں، گڑھی خدا بخش میں 4 دن ان کا مہمان رہا، وہاں گھر جیسا ماحول تھا، مجھ سے کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ پر تنقید کی توقع نہ کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جمہوری جدوجہد کرنے والوں کا احترام کرتا ہوں، پیپلز پارٹی والے جمہوریت پسند لوگ ہیں، میں ذوالفقار علی بھٹو کا بہت احترام کرتا ہوں جبکہ بلاول بھٹو میرے بھائی ہیں، آصف علی زرداری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، وہ حکمرانوں کے دامادوں کے چئیرمین اور میں جنرل سیکرٹری ہوں۔
کیپٹن صفدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ضیاء الحق اور پرویز مشرف کی آمریتوں کے خلاف جدوجہد کی، مولانا فضل الرحمان بھی ایک زیرک سیاستدان ہیں۔عمران خاں پوسٹر پر لگی ایک تصویر ہے پس پردہ اقتدار پر کوئی اور ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں ہماری انتخابی گھٹری چوری ہوگئی تھی، اگلے الیکشن میں ہر جماعت اپنے منشور کے مطابق انتخابات میں حصہ لے گی۔انتخابات کیلئے آزاد ماحول فراہم کیا جانا چاہئے، موجودہ صورتحال میں ہم ہر قانونی آپشنز استعمال کریں گے۔
قبل ازیں کیپٹن (ر) صفدر اشتعال انگیز تقاریر کیس میں سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، انہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ٹرائل کو روکنے کے متعلق اپیل دائر کی تھی، کیپٹن (ر) صفدر نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔