اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے: صدر مملکت عارف علوی

10:03 AM, 25 Mar, 2021

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم اپنی سلامتی اور دفاع کیلئے پرعزم اور ہر قسم کی صلاحیت سے لیس ہیں۔ہم اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔

یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے آپریشن ردالفساد میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا۔ جنگ ہویا اندرونی خلفشار،دہشت گردی ہویاقدرتی آفت عوام اور افواج نے وطن کی حفاظت میں کردار ادا کیا ہے۔عظیم الشان پریڈ کے انعقاد پر قوم افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کےمنصفانہ حل سے مشروط ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے۔ 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔جنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو ترک کردے۔ہم پورے خطے میں امن و سلامتی چاہتے ہیں اور ترقی کے خواہش مند ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  دنیا کو کورونا کی وبا کا سامنا ہے۔ ہم نےکم وسائل کےباوجود کورونا وبا کا سامنا کیا۔ بہت جلد کورونا وبا پر قابو پالیں گے لیکن احتیاط لازم ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  قرارداد پاکستان آج کےدن پیش کی گئی تھی۔ 7سال کےقلیل عرصے میں مسلمانان برصغیر آزادی کی نعمت سےسرفراز ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت پر دوست ممالک اور دیگر شرکا کا شکرگزار ہوں۔ دوست ممالک ترقی اور خوشحالی میں ہمارے ساتھ ہیں ۔صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

قبل ازیں شکرپڑیاں گراؤنڈ میں یوم پاکستان پریڈ ہوئی۔ ایئر چیف مارشل کی قیادت میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب یوم پاکستان کی  پریڈ میں نہیں آ سکے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سلامی کے چبوترے پر موجود تھے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ،سینیٹر شبلی فراز ،مختلف ممالک کے سفیر اور دیگر اعلیٰ شخصیات  نے بھی پریڈ دیکھی۔

مزیدخبریں