کیمبرج انٹرنیشنل کے تمام ممالک میں امتحانات منسوخ

11:49 AM, 25 Mar, 2020

لندن: پاکستان کے بعد کیمبرج انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ وہ مئی اور جون 2020 میں کسی بھی ملک میں اپنے بین الاقوامی امتحانات منعقد نہیں ہوں گے۔

اس میں کیمبرج آئی جی سی ایس ای ، کیمبرج او لیول ، کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول ، کیمبرج ای ای ایس ڈپلومہ اور کیمبرج پری یو شامل ہیں۔

جاری نوٹی فکیشن کے مطابق امتحان دہندہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اور اس میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر مذکورہ فیصلہ کیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’حالیہ دنوں میں بہت سارے ممالک نے مئی اور جون تک اسکولوں کی بندشوں میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہمارے لیے اسکولوں میں امتحانات کا انعقاد ناممکن ہے۔

اعلامیے کے مطابق ہماری گلوبل کمیونٹی آف اسکول سے مسلسل سے مشاورت جاری ہے جنہیں اس غیر یقینی وقت پر زیادہ سے زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ ہم اپنے طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت، فلاح و بہبود اور تمام طلبہ کے ساتھ انصاف پسندی کو یقینی بنائیں اور ان کی تعلیم کو جاری رکھنے میں ان کی مدد کریں۔

اعلامیے کے مطابق ہم اسکولوں کو رہنمائی فراہم کریں گے، ہم دنیا بھر کی جامعات سے بات کر رہے ہیں تاکہ طلبہ جلد سے جلد اپنی تعلیم کے سفر کو جاری رکھ سکیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اس صورتحال میں طلبہ کے حوصلے اور پڑھنے پر منفی اثرات سے بھی واقف ہیں۔

اعلامیے میں کہاگیا کہ ہم اسکول، طلبہ اور اساتذہ کے لیے ویب سائٹ پر www.cambridgeinternational.org پر وسیع پیمانے پر تدریسی معاونت اور وسائل فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا 26 مارچ بروز جمعرات تک تمام اسکولوں کو مطلع کر دیں گے، ہم جانتے ہیں کہ اسکولوں کو بہت جلد واضح رہنمائی چاہیے۔

نوٹی فیکشن میں کہا گیا کہ متعدد ممالک میں، جہاں ہم کام کرتے ہیں وہاں کے طلبہ کے لیے اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

مزیدخبریں