جعلی اکاؤنٹس کیس، وزیراعلیٰ سندھ نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا

01:05 PM, 25 Mar, 2019

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس سے متعلق ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے تو اس موقع پر کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ عرفان نعیم منگی نے ان سے ملاقات کی جس کے بعد وہ انہیں اپنے ہمراہ پوچھ گچھ کے لیے مختص کمرے میں لے گئے۔

مراد علی شاہ سے نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے ٹھٹھہ شوگر ملز کی نجکاری سے متعلق پوچھ گچھ کی اور وہ اس حوالے سے اپنے ہمراہ کچھ دستاویزات بھی لائے۔

نیب کی سی آئی ٹی نے انہیں 26 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے درخواست کی تھی کہ انہیں ایک روز قبل پیش ہونے کی اجازت دی جائے جسے بعدازاں منظور کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 20 مارچ کو نیب کی کمائنڈ انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

مزیدخبریں