پی ایس ایل تھری ٹائٹل پر کس کا قبضہ؟پشاور اور وفاق میں فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا

11:40 AM, 25 Mar, 2018

کراچی: پاکستان سپر لیگ کا بڑا معرکہ آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا اور ٹائٹل پر قبضے کیلئے ’وفاق ‘اور ’پشاور‘ کے مابین جنگ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھری آج اپنے اختتام کو پہنچنے جارہی ہے اور فیصلہ کن معرکہ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔دونوں ٹیموں کی نظر ٹرافی پر ہے جبکہ شہر قائد کے عوام 9 سال بعد عالمی کرکٹ کی واپسی پر خوشی سے سرشار ہیں جبکہ سکیورٹی پلان تیار کرکے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل فائنل سے قبل اختتامی تقریب ہوگی،علی ظفر،شہزاد رائے و دیگر پرفارم کریں گے

شہر کو اس انداز میں سجایا سنوارا گیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ سڑکوں، چورنگیوں، انڈر پاسز، پلوں اور گرین بیلٹس پر کرکٹ ہیروز کی تصاویر آویزاں کی گئیں ہیں۔ رنگا رنگ فینسی لائٹس نے ماحول اور بھی دلکش بنا دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر لگ رہا ہے۔

پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی کے لیے پولیس او رینجرزکے ساتھ ساتھ سپیشل سکیورٹی یونٹ کے جوان تعینات، 800 سے زائد مرد و خواتین کمانڈوز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ پارکنگ ایریاز، سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر ماہرنشانہ بازوں کی نظرجبکہ ایس ایس یو کے اہلکار شائقین کی رہنمائی کے لیے پمفلٹ تقسیم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں بال ٹیمپرنگ،سمتھ کا اعتراف ،کپتانی چھوڑنے سے انکار

خواتین کمانڈوز پرمشتمل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ایس ایس یوہیڈکواٹرمیں موجود رہے گی۔پشاورزلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کے کپتان انٹرنیشنل کرکٹرز ہوں گے۔ زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی جبکہ یونائیٹڈ کی کپتانی ڈومینی کریں گے۔ اس کے علاوہ سیموئیل بدری، لیوک رونکی ،سٹیون فن، سمیت پٹیل اور چیڈوک والٹن جبکہ پشاورزلمی کے لیام ڈاسن، کرس جارڈن اور آندرے فلیچر بھی کراچی کے مہمان بنیں گے۔

7 پارکنگ پوائنٹس میں شٹل سروس ٹکٹ ہولڈرز کوسٹیڈیم لے جانے کیلئے تیار ہے ،آٹھواں پارکنگ پوائنٹ ، وی آئی پیز کے لیے بنایا گیا ہے جہاں وہ براہ راست گاڑیاں پارک کریں گے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی کے اندر پاک فوج اور باہر کی سکیورٹی رینجرز نے سنبھال لی ہے جبکہ پی ایس ایل کا فائنل مقابلہ رات 8 بجے شروع ہوگا ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں