ممبئی : بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنی نئی فلم ”فلوری“ میں بھوت کے کردار میں نظر آئیں، یہ کردار ادا کر کے انہوں نے ایک رسک لیا تھا کیونکہ بھارتی عوام اداکاراوں کو بھوت کے روپ میں دیکھنا نہیں چاہتے لیکن انوشکا نے اس روایت کو غلط ثابت کر دیا اور بھوت بن کر لوگوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔
فلم ”فلوری“ جمعہ کے روز ریلیز ہوئی تھی اور لوگوں نے فلم کو دیکھ کر اچھے ردعمل کا اظہار کیا ہے، تھیٹر سے باہر آتے ہوئے لوگوں کے چہروں پر خوشی تھی۔ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ انوشکا فلم میں بہت اچھی لگ رہی تھیں اور وہ ایک بار پھر لوگوں کے دل جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں،وہ فلم کو 4 اسٹار دینا چاہیں گی۔
کالج گرلز کے ایک گینگ نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم 3.5 اسٹار دینا چاہتی ہیں۔ انشائی لعل کی ہدات میں بننے والی فلم کی کہانی انوشکا کے فرینڈلی بھوت’ ششی ‘کے گرد گھومتی ہے،فلم کے کردار کرن کی شادی بھارتی رواج کے مطابق ایک درخت سے کردی جاتی ہے جس پر انوشکا کا بھوت رہتا ہے اور یہیں سے کہا نی ایک نیا موڑ لیتی ہے،بنیادی طور پر یہ فلم محبت پر مبنی ہے۔
فلم کو ریلیز ہوئے ابھی صرف ایک ہی دن ہواہے اور فلم 4 کروڑ 2لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔