لندن :برطانیہ میں ایک کروڑ مزدوروں کی ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ 15برس کے دوران ان کی جگہ پر روبوٹس کو مقرر کر دیا جائے گا۔
کنسلٹنسی کمپنی پرائس واٹر کوپرس کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ میں 30 فیصد ملازمتوں کو مصنوعی ذہانت کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں۔کچھ شعبوں میں امکان ہے کہ 50فیصد ملازمتیں روبوٹس کی وجہ سے ختم ہوسکتی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس تبدیلی کے نتیجے میں پیداواریت بڑھ جائے گی اور ملازمتوں کے نئے مواقع پید ا ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق روبوٹس کی وجہ سے صرف ہول سیل اور ریٹیل کے شعبوں میں سوا 2 لاکھ ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔
مینوفیکچرنگ کے شعبے میں 12 لاکھ، انتظامی اور سپورٹ سروسز کی 11 لاکھ جبکہ ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج کے شعبے میں ساڑھے 9 لاکھ ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں.